پابندیاں ہماری مثبت کارکردگی کی علامت ہیں۔خلیجِ فارس واٹر وے مینجمنٹ اتھارٹی

’آپ پابندیوں کے ذریعے آبنائے ہرمز پر وہ کنٹرول حاصل نہیں کر سکتے

May 30, 2026 · بام دنیا

ایرانی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے ایک بیان میں خلیجِ فارس واٹر وے مینجمنٹ اتھارٹی نے اپنے خلاف عائد کی گئی امریکی پابندیوں پر ردِعمل دیتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔

ادارے نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ایک ایسے ملک کی جانب سے پابندیوں کا نشانہ بننا، جس کا رہنما بحری قزاقی پر فخر کرتا ہے، ہماری مثبت کارکردگی کی علامت ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آپ پابندیوں کے ذریعے آبنائے ہرمز پر وہ کنٹرول حاصل نہیں کر سکتے جو آپ میدانِ عمل اور سفارت کاری میں حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

اتھارٹی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ’وہ غیر جارحانہ جہازوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ان کے گزرنے کے اجازت ناموں کا مسلسل جائزہ لینے اور انہیں جاری کرنے کا عمل جاری رکھے گی۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے گزشتہ روز جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس ادارے کا قیام مبینہ طور پر پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے ’آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے آمدنی حاصل کرنے‘ کی کوشش ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ نے اس ادارے کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام افراد اور اداروں کو بھی اپنی پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔