ایران کا شمالی عراق میں مسلح علیحدگی پسندوں کے ٹھکانوں پر حملہ
آپریشن کے دوران سرحد پار موجود مسلح علیحدگی پسندوں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا، ایرانی میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا
تہران / بغداد: ایران کی پاسدارانِ انقلاب الیون (IRGC) نے شمالی عراق میں موجود مسلح علیحدگی پسند گروہوں کے ٹھکانوں پر شدید حملے کیے ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب کی زمینی افواج کی جانب سے کی گئی۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سرحد پار موجود مسلح علیحدگی پسندوں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا، تاہم پریس ریلیز اور خبروں میں فی الحال ان مخصوص گروہوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے اور نہ ہی ان مقامات کی قطعی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں جہاں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایران طویل عرصے سے شمالی عراق کے کردستان ریجن میں متحرک مسلح کرد علیحدگی پسند تنظیموں پر اپنی سرحدوں کے اندر بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کرتا رہا ہے اور اس سے قبل بھی ان کے ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کر چکا ہے۔
عراقی حکام یا شمالی عراق کی علاقائی حکومت (KRG) کی جانب سے اس تازہ فوجی کارروائی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کے حوالے سے تبا حال کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ طویل عرصے سے جاری اس کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں اکثر تناؤ دیکھا جاتا رہا ہے۔