اربیل میں ایرانی کرد جماعت کے مرکز پر ایرانی میزائل حملہ
داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کی مجموعی تعداد 81 سے تجاوز کر گئی ہے
ایرانی کرد سیاسی جماعت کوملہ کے ایک سینئر عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے شمالی عراق کے صوبے اربیل کے کردستان ریجن میں واقع جماعت کے ایک اڈے پر دو میزائل داغے ہیں۔
کوملہ کے رہنما امجد حسین پناہی نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 40 منٹ پر خالیدان ضلع میں واقع الانہ ویلی ہیڈکوارٹرز پر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد جماعت کے ٹھکانوں پر ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کی مجموعی تعداد 81 سے تجاوز کر گئی ہے۔
دوسری جانب اربیل شہر میں قائم ایک اور ایرانی کرد جماعت، کردستان فریڈم پارٹی، نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ایک میزائل نے دن کے اوائل میں شہر کے قریب واقع اس کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا۔ جماعت کے ترجمان کے مطابق ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک ان کی جماعت پر 50 سے 60 مرتبہ حملے کیے جا چکے ہیں۔
تاہم ایران کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔