یو اے ای کی مسجد الاقصیٰ میں اسرائیلی آبادکاروں کے داخلےکی مذمت
مذہبی مقامات کے تقدس کی خلاف ورزی ناقابل قبول، عالمی برادری کردار ادا کرے
متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پولیس کی حفاظت میں مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں داخلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایک “اشتعال انگیزی” قرار دیا ہے۔
یو اے ای کی وزارت خارجہ نے کہا کہ آبادکاروں کی جانب سے اتوار کے روز اس مقام پر اسرائیلی پرچم لہرانا مسجد الاقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کی خلاف ورزی ہے، جو اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے۔
بیان میں اردن کے اس کردار کو بھی سراہا گیا جو مسجد الاقصیٰ کا متولی ہے، اور مذہبی مقامات کے تحفظ کے لیے عمان کے اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔
یو اے ای نے اسرائیلی حکام کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انہیں اس قسم کی کشیدگی بڑھانے والی کارروائیوں کو روکنا چاہیے اور مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ساتھ ہی عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دو ریاستی حل کے لیے کوششیں تیز کرے تاکہ فلسطینیوں کی آزاد ریاست کی خواہش پوری ہو سکے۔