نیتن یاہو نے بیروت کے نواحی علاقے ضاحیہ پر بمباری کا حکم دیدیا

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے متعدد قصبوں میں شہریوں کو جبری انخلا کے احکامات جاری کر دیے۔

June 1, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے ضاحیہ پر بمباری کا حکم دے دیا، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے متعدد قصبوں میں شہریوں کو جبری انخلا کے احکامات جاری کر دیے۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 7 دیہات کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ہومین الفوقا، بنافول، عرب سالم، رومین، عازہ، ارکی اور جباع شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کےترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ ان دیہات کے مکین فوری طور پر کم از کم 1,000 میٹر دور منتقل ہو جائیں کیونکہ اسرائیل ان علاقوں میں حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی ٹاؤن ضاحیہ کو خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر حزب اللّٰہ نےاسرائیل پر میزائل حملے جاری رکھے تو جوابا ٹاؤن ضاحیہ پر حملے کریں گے۔

 اسرائیلی فوج کی جانب سے  یہ حکم ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر کشیدگی اور جھڑپوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے مقامی آبادی اور انسانی امدادی سرگرمیوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

دوسری جانب حزب اللّہ کے ساتھ جھڑپوں میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی، ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 25 ہوگئی۔