ایران امریکا مذاکرات میں تعطل، خام تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ
برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 6 فیصد اضافے کے بعد 97.36 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
فائل فوٹو
لندن: ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے امریکا کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 6 فیصد اضافے کے بعد 97.36 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی تقریباً 7.5 فیصد بڑھ کر 94.32 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق مئی کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی امیدوں کے باعث برینٹ تیل کی قیمت میں 19.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جو مارچ 2020 کے بعد ایک ماہ کی سب سے بڑی کمی قرار دی گئی۔
تاہم تازہ اضافے کے باوجود برینٹ تیل 5 اپریل کے 114 ڈالر فی بیرل کی سطح سے ابھی بھی کم ہے، لیکن امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے قبل کی سطح کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے رہتی ہے تو اسے مارکیٹ کی جانب سے نسبتاً بہتر صورتحال کی امید کے طور پر دیکھا جائے گا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے لبنان میں اسرائیلی کارروائی پر پیغامات کا تبادلہ روک دیا ہے۔