ڈونلڈ ٹرمپ کا نیتن یاہو اور حزب اللہ سے رابطہ، لبنان میں جنگ بندی کا دعویٰ

بیروت میں اب کوئی اسرائیلی فوج نہیں جائے گی جو گئے ہیں انہیں واپس بلا لیا گیا ہے،سوشل میڈیا پر بیان

June 1, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن / بیروت: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے اعلیٰ نمائندوں سے انتہائی اہم رابطے کیے ہیں، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ان کی ٹیلی فونک گفتگو “انتہائی تعمیری” رہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیروت میں اب کوئی (اسرائیلی) فوج نہیں جائے گی، اور جو افواج وہاں کے لیے روانہ ہو چکی تھیں، انہیں واپس بلا لیا گیا ہے۔

امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ انہوں نے “انتہائی اعلیٰ سطح نمائندوں” کے ذریعے لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ بھی ایک کامیاب رابطہ کیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق حزب اللہ نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ ہر قسم کی فائرنگ اور حملے فوری طور پر روک دیے جائیں گے، یعنی اسرائیل اب حزب اللہ پر حملہ نہیں کرے گا اور نہ ہی حزب اللہ اسرائیل کو نشانہ بنائے گی۔

دعوے کے باوجود ابھی تک اسرائیل اور حزب اللہ دونوں کی جانب سے اس گفتگو یا جنگ بندی کے معاہدے پر کوئی باضابطہ تصدیق یا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔