ميئر زہران ممدانی کا اسرائیل ڈے پریڈ کا بائیکاٹ، دہائیوں پرانی روایت توڑ دی

میں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ہی یہ واضح کر دیا تھا میں اس پریڈ میں شرکت نہیں کروں گا ،زہران ممدانی

فائل فوٹو

نيو يارك : نيو يورك سٹی کے ميئر زہران ممدانی نے فلسطينيوں کے حقوق کی حمايت ميں گزشتہ روز ہونے والی سالانہ ‘اسرائیل ڈے پریڈ’ ميں شرکت نہ کر کے دہائيوں پرانی سياسی روايت کو توڑ ديا ہے۔

گزشتہ کئی دہائیوں سے، ناموں کی تبدیلی کے باوجود، یہ پریڈ نیویارک کے میئرز، گورنرز اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے لیے ایک لازمی تقریب رہی ہے۔ سیاسی شخصیات ‘ففتھ ایونیو’ پر جمع ہونے والے لاکھوں جھنڈے لہرانے والے شرکا کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں، جو 1948 میں اسرائیل کے قیام کا جشن مناتے ہیں۔

تاہم میئر زہران ممدانی نے اس روایت سے انحراف کرتے ہوئے دو ہفتے قبل میئر کے دفتر سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں ‘نکبہ’ (یومِ تباہی) کی یاد منائی گئی تھی۔ ‘نکبہ’ عربی زبان کا لفظ ہے جو 1948 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران تقریباً 7 لاکھ فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر بے دخلی اور ہجرت کو ظاہر کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے میئر ممدانی نے کہا کہ میں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ہی یہ واضح کر دیا تھا کہ میں اس پریڈ میں شرکت نہیں کروں گا۔ میں اسرائیلی حکومت کے اقدامات اور ان کی پالیسیوں کے حوالے سے اپنے موقف کا کھل کر اور واضح اظہار کر چکا ہوں۔