لبنان پر حملے بند نہ ہوئے تو سنگین نتائج ہوں گے۔ابراہیم عزیزی
صہیونی حکومت اور امریکی افواج کو خبردار، جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے خبردار کیا ہے کہ اگر لبنان کے خلاف اسرائیلی حملے نہ رکے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
اپنے بیان میں ابراہیم عزیزی نے کہا کہ اسرائیلی حکومت اور امریکی افواج کو واضح پیغام دیا جاتا ہے کہ ایران کے انتباہات محض الفاظ نہیں بلکہ ان کے پیچھے عملی صلاحیت اور عزم موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے اثرات امریکی افواج تک بھی پہنچ سکتے ہیں اور انہیں بھی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ابراہیم عزیزی نے لبنان کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔