عالمی جوہری ایجنسی کا ایران سے جوہری تنصیبات کے معائنے کا مطالبہ
افزودہ یورینیم کے مکمل جائزے اور حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد کی تاکید
عالمی جوہری ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دے تاکہ افزودہ یورینیم اور دیگر جوہری مواد کی مکمل جانچ کی جا سکے۔
خبر ایجنسی کے مطابق آئی اے ای اے نے ایران سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ رکن ممالک کو ارسال کر دی ہے، جس میں گزشتہ سال جوہری تنصیبات پر ہونے والی بمباری کے بعد افزودہ یورینیم کے ذخائر اور جوہری سرگرمیوں کے مکمل معائنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران پر لازم ہے کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے (این پی ٹی) کے تحت حفاظتی اقدامات اور نگرانی کے اصولوں پر مؤثر انداز میں عمل کرے۔ عالمی جوہری ایجنسی کے مطابق ایران اس معاہدے کے تقاضوں کو کسی بھی صورت معطل نہیں کر سکتا اور اسے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری یقینی بنانا ہوگی۔