ایران کے داغے گئے میزائل ناکام بنا دیئے۔ اسرائیلی فوج
فوجی ترجمان کے مطابق تمام خطرات کا بروقت مقابلہ کیا گیا
اسرائیلی فوجی اہلکار۔فائل فوٹو
اسرائیل نے ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران سے داغے گئے تمام میزائل روک لیے ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے شمالی اسرائیل کی جانب بیلسٹک میزائل حملہ کیا ہے اور اس کا دفاعی نظام اس خطرے کا مقابلہ کر رہا ہے۔
اس سے قبل ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں اسرائیل پر حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہمارے میزائل اور ڈرون یونٹس نے اسرائیل کے شمالی شہروں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک مربوط اور شدید حملہ کیا ہے۔
یہ حملے اسرائیل کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقوں پر شدید حملوں کے بعد ہوئے ہیں۔
جنوبی بیروت کے ایک مضافاتی علاقے پر اسرائیلی حملے کی خبر جاری ہونے کے فوراً بعد ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیشن کے ترجمان نے کہا تھا کہ اس حملے کا جواب دیا جائے گا۔
اس سے قبل ایران کے خاتم الانبیاء کے ہیڈ کوارٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے بیروت پر اپنے حملوں میں توسیع کی یا ایران کے اقدامات کا جواب دیا تو اسے مزید سخت دھچکے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اعلان میں کہا گیا کہ ہم نے پہلے خبردار کیا تھا کہ اگر حملے بیروت کے مضافاتی علاقوں تک پھیل گئے تو ہم اسرائیل میں اہداف پر حملہ کریں گے۔