ایران کو 300 ملین ڈالر دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ٹرمپ
ایران سے متعلق مالی امداد کی افواہوں پر ٹرمپ کی وضاحت سامنے آ گئی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 300 ملین ڈالر دینے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ افواہیں سیاسی مقاصد کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بعض حلقے ایران کو امریکی فنڈز کی فراہمی کا تاثر دے رہے ہیں، حالانکہ ایسی کوئی بات درست نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ خبریں ڈیموکریٹس کی جانب سے پھیلائی گئی ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران اس بات پر متفق ہو چکا ہے کہ وہ مستقبل میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا اور نہ ہی ان کی تیاری کی کوشش کرے گا۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ایران کو تعمیرِ نو اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 300 ارب ڈالر تک کے فنڈز مخصوص شرائط کے تحت دستیاب ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ سرمایہ امریکا نہیں بلکہ خلیجی اتحادی ممالک فراہم کریں گے۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اگر ایران اپنے وعدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں پر عمل کرے تو وہ اس مالی معاونت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، تاہم ایران کے 24 ارب ڈالر مالیت کے منجمد اثاثوں کی بحالی معاہدے کے مجوزہ مسودے کا حصہ نہیں۔