ایران پر امریکی حملوں کے بعد کویت میں سکیورٹی ہائی الرٹ
اگر مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو شہری پریشان نہ ہوں۔کویتی فوج
ایران پر امریکی حملوں کے بعد کویت میں سکیورٹی ہائی الرٹ
کویت کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام دشمن کی جانب سے ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے، جبکہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری سرکاری بیان میں کویتی فوج نے کہا کہ اگر مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو شہری پریشان نہ ہوں، کیونکہ یہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے کی کارروائیوں کا حصہ ہیں۔
فوج نے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکی باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ تمام سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں اور غیر ضروری طور پر متاثرہ مقامات کا رخ نہ کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دفاعی کارروائیوں کے دوران گرنے والے شیلوں یا دیگر دھاتی ملبے سے دور رہیں، انہیں ہاتھ نہ لگائیں اور نہ ہی ان کی تصاویر یا ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کریں، کیونکہ اس سے سکیورٹی معاملات متاثر ہو سکتے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ چند گھنٹے قبل امریکا کی جانب سے ایران کے مختلف علاقوں میں فوجی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد خلیجی ممالک میں سکیورٹی الرٹ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔