امریکی اڈوں کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا،پاسداران انقلاب
اگر ایران پر مزید حملے کیے گئے تو خطے میں موجود دیگر امریکی فوجی اڈے بھی جوابی کارروائیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائی کی ہے۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی حالیہ امریکی فوجی حملوں کے ردعمل میں کی گئی۔ بیان کے مطابق آپریشن کے ابتدائی مرحلے میں بحری اور فضائی یونٹس نے مشترکہ طور پر مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔
ایرانی مؤقف کے مطابق کویت میں واقع عریفجان اور علی السالم، جبکہ بحرین میں الجفیر اور شیخ عیسیٰ سے منسلک امریکی فوجی تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو ہدف بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر ایران پر مزید حملے کیے گئے تو خطے میں موجود دیگر امریکی فوجی اڈے بھی جوابی کارروائیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
اس سے قبل کویتی فوج نے اپنے فضائی دفاعی نظام کے فعال ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک ممکنہ میزائل اور ڈرون خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کر رہا ہے۔ دوسری جانب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بھی احتیاطی طور پر خطرے کے سائرن بجانے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی تھی۔
تاحال اس دعوے کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر برقرار ہے۔