امریکا نے ایران سے منسلک 13 کروڑ ڈالر سے زائد کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کر دیے
یہ کارروائی امریکی محکمۂ خزانہ کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد مبینہ طور پر غیر قانونی مالی ذرائع اور ڈیجیٹل اثاثوں کے استعمال کو روکنا ہے۔
امریکا نے ایران کے مرکزی بینک سے منسلک 13 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام ایران کی مبینہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔
امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ محکمۂ خزانہ ایران سے منسلک مالیاتی نیٹ ورکس تک رسائی محدود کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق اس مقصد کے تحت ایران کے مرکزی بینک سے وابستہ متعدد کرپٹو والیٹس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں 13 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کر دیے گئے۔
وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی امریکی محکمۂ خزانہ کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد مبینہ طور پر غیر قانونی مالی ذرائع اور ڈیجیٹل اثاثوں کے استعمال کو روکنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران سے منسلک مالیاتی ذرائع کی نگرانی اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا تاکہ مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والے وسائل تک رسائی محدود کی جا سکے۔
ایران کی جانب سے اس امریکی اقدام پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔