اٹلی میں نوجوان پاکستانی نژاد لڑکی کا قتل کیس۔والدین سمیت 5رشتے داروں کوسزا

سمن2021میں پراسرارطورپر ہلاک ہوگئی تھیں

July 15, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

اٹلی میں 18سالہ پاکستانی نژاد لڑکی سمن عباس کے قتل کے کیس میں خاندان کے پانچ افراد کو دی گئی سزائیں حتمی ہو گئی ہیں۔

اٹلی کی سپریم کورٹ نے بدھ کو یہ فیصلہ سنایا جس کے مطابق سمن کے والدین شبر عباس اور نازیہ شاہین کو عمر قید کی سزا دی گئی ہے۔ ان کے دو کزنز اعجاز اکرام اور نعمان الحق عمر ، چچا دانش حسنین کو بائیس سال قید کی سزا سنائی گئی۔

سمن اپریل دو ہزار اکیس میں اٹلی کے نوویلارا علاقے میں غائب ہوئی تھیں۔ ان کی لاش بعد میں ایک فارم ہائوس کے قریب برآمد ہوئی۔ تفتیش سے پتہ چلا کہ انہوں نے جبری شادی سے انکار کر دیا تھا اور اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر خاندان نے انہیں ہلاک کر دیا۔

وزیر اعظم جورجیا میلونی نے اس فیصلے پر کہا کہ اٹلی میں ثقافتی یا مذہبی جوازپر خواتین کی آزادی، وقار اور جان لینے کی کوئی گنجائش نہیں۔ یہ اصول ناقابل مصالحت ہیں۔ انہوں نے سمن کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کوئی سزا ان کی جان واپس نہیں لا سکتی مگر مجرموں کو انصاف ضرور ملنا چاہیے۔