امریکہ کے ایران پر تازہ فضائی حملے۔ 7 افراد شہید، متعدد زخمی

ایران پر امریکی کارروائیاں تیز، عسکری اہداف کے ساتھ شہری انفراسٹرکچر بھی متاثر

July 17, 2026 · بام دنیا

امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکی افواج نے ایران کے مختلف علاقوں میں تازہ فضائی حملے کیے، جن میں ایرانی میڈیا کے مطابق کم از کم 7 افراد شہید اور 9 زخمی ہوگئے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو محدود کرنا اور اس کے فوجی ڈھانچے کو مزید نقصان پہنچانا ہے۔

ایرانی ذرائع کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے ساحلی شہر بندر خمیر میں واقع ایک اہم پل رات گئے حملے کا نشانہ بنا، جس سے پل کو شدید نقصان پہنچا۔ بعد ازاں ایرانی خبر رساں اداروں نے حملے میں 7 افراد کی شہید اور 9 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حملوں میں کیہوارستان پل اور بندر عباس کے ایک رہائشی علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بندر عباس کے قریب ایک پہاڑی پر نصب مواصلاتی ٹاور بھی امریکی حملے کی زد میں آیا، جس کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ادھر امریکی حکام نے حملوں میں نشانہ بنائے گئے انفرادی اہداف کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم سینٹکام کا کہنا ہے کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو کمزور کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ایرانی حکام نقصانات اور حملوں کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔