جنوبی کوریامیں پاکستانی تائیکوانڈو کھلاڑی حسین انجم نے اوپن چیمپئن شپ کاگولڈمیڈل جیت لیا
سینئر انڈر 68 کلوگرام کیٹیگری میں کامیابی، آئندہ مقابلوں پر نظریں مرکوز
فائل فوٹو
پاکستان کے باصلاحیت تائیکوانڈو کھلاڑی حسین انجم نے چنچیون، جنوبی کوریا میں منعقدہ چنچیون کوریا اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینئر مینز انڈر 68 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
حسین انجم نے ایونٹ کے دوران مختلف ممالک کے مضبوط حریفوں کو شکست دے کر فائنل میں کامیابی حاصل کی اور پاکستان کا پرچم عالمی سطح پر سربلند کیا۔ ان کی اس کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
اس موقع پر حسین انجم نے کہا کہ انہوں نے اس بین الاقوامی مقابلے کی تیاری انتہائی محنت، لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ کی، جس کا ثمر گولڈ میڈل کی صورت میں ملا۔
انہوں نے کہا کہ اب ان کی توجہ رواں ماہ سیئول، جنوبی کوریا میں ہونے والے کمنیونگ کپ پر مرکوز ہے، جس کے بعد وہ تھائی لینڈ میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
انسٹرکٹر ماسٹر محمد سہیل نے امید ظاہر کی کہ حسین انجم آئندہ بھی اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔