فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن اور کھلاڑیوں کیخلاف کارروائی شروع کردی
سیاسی بینرز، غیر مناسب رویوں اور ضابطہ خلاف ورزیوں پر تحقیقات کا آغاز
فائل فوٹو
فیفا نے ورلڈکپ کے دوران مبینہ ضابطہ خلاف ورزیوں پر ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) اور متعدد کھلاڑیوں کے خلاف باضابطہ تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن اور کھلاڑیوں کے خلاف الزامات میں سب سے نمایاں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے بعد فاکلینڈ جزائر سے متعلق سیاسی بینر لہرانا ہے، جس پر “لاس مالویناس ارجنٹائن کا حصہ ہیں” درج تھا۔
فیفا کے مطابق کھیلوں کے مقابلوں کو سیاسی مظاہروں کے لیے استعمال کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ فیفا نے یاد دلایا کہ 2014 میں بھی ارجنٹائن کو اسی نوعیت کا بینر لہرانے پر جرمانہ کیا گیا تھا۔
فیفا کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران امتیازی نعروں، نامناسب اشاروں، میچوں کے تاخیر سے آغاز، سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی، شائقین کی جانب سے اشیاء میدان میں پھینکنے اور دیگر غیر مناسب رویوں کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
اس کے علاوہ اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان فائنل کے بعد ہونے والے ہنگامے پر بھی کئی کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔
ارجنٹائن کے لیانڈرو پاریڈیس پر تین اور نہویل مولینا پر دو الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ مولینا، تھیاغو المادا، ٹیم آفیشل رابرٹو ایالا اور اسپین کے گاوی پر غیر کھیلوں کے رویے کا ایک، ایک الزام لگایا گیا ہے۔
فیفا کا کہنا ہے کہ تمام فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے، جس کے بعد ڈسپلنری کمیٹی فیصلہ سنائے گی۔