یوئیفا نیشنز لیگ،آئرلینڈ کے کپتان کا اسرائیلی ہم منصب کے ساتھ مصافحے سے انکار
اہم اقدام، کھلاڑیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ لیں، میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرلی۔
آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ کا ایک منظر
یوئیفا نیشنز لیگ کے ایک میچ کے دوران آئرلینڈ کے کپتان نے اسرائیلی ہم منصب سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ہنگری کے شہر ڈیبرسن میں کھیلے جانے والے اس میچ سے قبل آئرلینڈ کے کپتان دارا اوشی نے میچ آفیشلز سے تو ہاتھ ملایا تاہم اسرائیلی کپتان مانور سولومون کے قریب پہنچنے پر انہوں نے اپنے ہاتھ پیچھے رکھے اور بغیر نظریں ملائے آگے بڑھ گئے۔ اس موقع پر آئرلینڈ کے کھلاڑیوں نے اسرائیل کے قومی ترانے کے دوران اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور سر جھکائے رکھے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدامات غزہ میں جاری جنگ اور اسرائیل کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازع کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔ آئرلینڈ کے گول کیپر گیون بازونو نے بھی معصوم جانوں کے ضیاع پر اپنے ذاتی مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے اس میچ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی تھی۔
میچ کے دوران آئرلینڈ کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔ میچ میں آئرلینڈ کی جانب سے تیسرا گول کرنے والے جیک موئلان نے گول کرنے کے بعد اپنے بازو سے سیاہ پٹی اتار کر اسے چوما اور فضا میں بلند کیا۔ دستیاب معلومات کے مطابق دونوں ٹیمیں 4 اکتوبر کو سربیا میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی تاہم یہ میچ بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا۔