ریاض ایئرپورٹ پر حوثی میزائل حملے میں عمرہ زائرین نشانہ بن گئے، پاکستانی شہید
11 افراد زخمی، فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل، عمارت کو نقصان
ریاض ایئرپورٹ پر دو روز میں دوسرا میزائل حملہ، ایک پاکستانی جاں بحق
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ہونے والے پروجیکٹائل حملے کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس حملے کے باعث مزید 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر ضروری طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس نئے حملے کے ساتھ ہی دو روز قبل یعنی 10 اکتوبر کو ہونے والے حملے کی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ میزائل حملہ عمرہ زائرین پر ہوا تھا۔
دو روز قبل جا حملہ اس وقت ہوا جب کافی تعداد میں عمرہ زائرین ایئرپورٹ کے ٹرمینل پر موجود تھے۔ مذکورہ حملہ میں 12 افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں مفتی نصر اللہ البدر سمیت بنگلہ دیش کے دو شہری اور ایک بھارتی شامل ہیں۔
🔴 Exclusive footage obtained by Al Arabiya English shows Umrah pilgrims preparing to board their flights as the Houthi attack struck Riyadh’s King Khalid International Airport. pic.twitter.com/Ws92NujHKd
— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) October 11, 2026
سرکاری ذرائع کے مطابق حملے سے ایئرپورٹ کی تنصیبات اور مادی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کا تخمینہ لگانے کا عمل فی الوقت جاری ہے۔ متعلقہ سکیورٹی اداروں اور ہنگامی امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا ہے جبکہ مسافروں اور ایئرپورٹ عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس ہفتے ایئرپورٹ پر ہونے والے ان حملوں کے بعد فضائی آپریشن عارضی طور پر متاثر ہوا اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پروازیں متبادل ایئرپورٹس کی طرف موڑی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ہی تمام تر معمول کی فضائی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔