جنگ میں ناکامی چھپانے کے لیے امریکہ کامیابی کا بیانیہ بنا رہا ہے، ایران
واشنگٹن اپنی فوجی کارروائیوں کے تباہ کن نتائج سے بری الذمہ نہیں ہو سکتا۔
جنگ میں ناکامی چھپانے کے لیے امریکہ کامیابی کا بیانیہ بنا رہا ہے، ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ کو ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اپنی فوجی کارروائیوں کے تباہ کن نتائج سے بری الذمہ نہیں ہو سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسماعیل بقائی نے امریکی حکام پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران کے خلاف جارحیت کے انسانی، معاشی اور جغرافیائی سیاسی نقصانات کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے گمراہ کن بیانیہ پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے امریکی مؤقف کو مسترد کیا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کی ابتدا 1979 کے انقلاب سے ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مؤقف سراسر بے بنیاد ہے، کیونکہ ایرانی انقلاب کا مقصد ملک کی خودمختاری، آزادی اور انسانی وقار کی بحالی تھا۔
اسماعیل بقائی نے 1953 میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی حمایت سے ایران میں ہونے والی بغاوت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی مداخلت کی تلخ یادیں ایرانی عوام کے ذہنوں میں آج بھی موجود ہیں۔
ایرانی ترجمان نے مزید الزام لگایا کہ امریکہ نے 9 ماہ سے بھی کم عرصے میں سفارتی مذاکرات کے دوران دو مرتبہ ایران کے خلاف بلااشتعال فوجی کارروائیاں کیں۔ ان کے مطابق ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر اور اعلیٰ حکام کو نشانہ بنایا گیا، خواتین اور بچوں سمیت شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے جبکہ اہم قومی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
بقائی کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ فوجی اور سیاسی محاذ پر مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری سے انکار اور اپنی ناکامی کو کامیابی کے بیانیے کے پیچھے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ تاریخ کو پیچھے لے جا کر یا جنگ کی تعریف تبدیل کرکے 28 فروری 2026 کو ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتا۔