ایران نے اشتعال نہ دلایا تو حملہ نہیں کریں گے، ٹرمپ کا عندیہ

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹرمپ پر زور دیا کہ ایران کے خلاف دوبارہ حملے نہ کیے جائیں

November 15, 2026 · بام دنیا
ایران نے اشتعال نہ دلایا تو حملہ نہیں کریں گے، ٹرمپ کا عندیہ

ایران نے اشتعال نہ دلایا تو حملہ نہیں کریں گے، ٹرمپ کا عندیہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی سے گریز کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران یا یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے کوئی نئی اشتعال انگیزی نہ ہوئی تو امریکا حملے مؤخر کر سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں قومی سلامتی کے مشیروں سے ملاقاتوں اور انٹیلی جنس بریفنگز کے دوران ممکنہ فوجی کارروائی روکنے پر غور کیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر نے ابھی تک تنازع کے خاتمے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

ٹرمپ نے جمعرات کو کھیلوں کے نشریاتی ادارے سے گفتگو میں بھی بڑے پیمانے پر جنگ دوبارہ شروع ہونے کے امکانات کم ظاہر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فوری طور پر تنازع ختم کر سکتے ہیں، تاہم بعض اتحادی ممالک کی درخواست پر زیادہ محتاط راستہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ٹیلی فونک رابطوں میں ٹرمپ پر زور دیا کہ ایران کے خلاف دوبارہ حملے نہ کیے جائیں۔ دونوں رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ معاشی پابندیاں اپنے اثرات دکھا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں نے بھی اندازہ لگایا ہے کہ بحری ناکہ بندی اور پابندیوں سے ایران کی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ دوبارہ فضائی حملے کرنے سے تہران کے مذاکراتی مؤقف میں تبدیلی آنے کا امکان کم ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام ایران کے خلاف ایک اور فوجی مہم کے لیے امریکی قیادت پر زور دے رہے ہیں، تاہم ٹرمپ نے حالیہ بیانات میں اشارہ دیا ہے کہ فی الحال نئی کارروائی ضروری نہیں۔

ادھر امریکی محکمہ دفاع خطے میں فوجی طاقت بڑھانے کی تیاری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہے، جو وہاں موجود دو جہازوں میں سے ایک کی جگہ لے گا۔ ضرورت پڑنے پر تینوں طیارہ بردار جہاز خطے میں تعینات رہ سکتے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ ایران کی زیر زمین جوہری تنصیبات پر دوبارہ حملے کا فیصلہ بھی کر سکتے ہیں، تاہم بریفنگز میں بتایا گیا ہے کہ انتہائی درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی آئی ہے۔