نیتن یاہو کے قومی اتحاد حکومت کی پیشکش مسترد، آئزن کوٹ کا دوٹوک جواب
نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں اور ملک میں ایک نئی اور بہتر حکومت تشکیل پانے جا رہی ہے
نیتن یاہو کے قومی اتحاد حکومت کی پیشکش مسترد، آئزن کوٹ کا دوٹوک جواب
گاڈی آئزن کوٹ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں اور ملک میں ایک نئی اور بہتر حکومت تشکیل پانے جا رہی ہے۔ ان کے مطابق قومی اتحاد کی حکومت کی پیشکش دراصل وقت حاصل کرنے کی کوشش ہے تاکہ نئی حکومت کی تشکیل مشکل بنائی جا سکے۔
سابق اسرائیلی آرمی چیف نے کہا کہ نیتن یاہو ایک طرف مذاکرات اور اتحاد کی بات کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب ملک میں سیاسی تقسیم اور اشتعال انگیزی کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حربے نہ ان پر اثر انداز ہوں گے اور نہ ہی اسرائیلی عوام کو گمراہ کر سکیں گے۔
اس سے قبل نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام میں گاڈی آئزن کوٹ کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سلامتی یقینی بنانے اور ایران سے لاحق خطرے کا مستقل خاتمہ کرنے کے لیے ایسی حکومت ضروری ہے۔
نیتن یاہو کے مطابق مجوزہ حکومت میں صرف وہ سیاسی جماعتیں شامل ہوں گی جو اسرائیل کو یہودی ریاست تسلیم کرتی ہیں، جبکہ عرب جماعتوں کو اس اتحاد سے باہر رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ انتخابات کے بعد 67 ارکان پارلیمان کی حمایت حاصل کرنے والے گاڈی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہیں حکومت سازی کے لیے 28 دن دیے گئے ہیں، جس میں مزید 14 دن کی توسیع بھی ممکن ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مختلف نظریات رکھنے والی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا آئزن کوٹ کے لیے مشکل مرحلہ ثابت ہو سکتا ہے۔