باجوڑ میں دفعہ 144 نافذ،عوامی اجتماعات اور اسلحے کی نمائش پر 30 روزہ پابندی
پابندی کا اطلاق 15 نومبر سے ہوگا اور یہ 15 دسمبر تک برقرار رہے گی
باجوڑ میں دفعہ 144 نافذ،عوامی اجتماعات اور اسلحے کی نمائش پر 30 روزہ پابندی
ڈپٹی کمشنر عدنان فرید آفریدی کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 15 نومبر سے ہوگا اور یہ 15 دسمبر تک برقرار رہے گی، تاہم انتظامیہ ضرورت کے مطابق اس میں تبدیلی یا اسے ختم بھی کر سکتی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔ اس مقصد کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر معمولی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کو ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی مزید سخت کرنے، عوامی مقامات پر غیر مجاز اجتماعات روکنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے چوکس رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں بھی سکیورٹی خدشات کے باعث باجوڑ میں 10 روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
خیبر پختونخوا اور سابق قبائلی اضلاع طویل عرصے سے دہشت گردی کے واقعات اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق 30 اکتوبر سے 5 نومبر 2026 کے دوران ملک میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات اور جوابی کارروائیاں جاری رہیں۔