بحرین میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے اور خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات ہیں۔بحرینی فوج

November 15, 2026 · بام دنیا
بحرین میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

بحرین میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

بحرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا ہے، جبکہ دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے اور خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات ہیں۔

اس سے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ بحرین میں واقع رفہ ہیلی کاپٹر بیس پر امریکی ریڈار اور دفاعی تنصیب کو چھ ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

بحرینی فوج نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے منظم جارحانہ رویے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ تاہم ایران کے دعوے اور بحرینی فوج کے بیان کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کی علی الصبح بحرین میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ حکام نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔

اے ایف پی کے نامہ نگار کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے پہلے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جبکہ مقامی رہائشیوں نے ساڑھے چھ بجے مزید دھماکوں کی اطلاعات دیں۔

امریکی حکام کی جانب سے تاحال ان واقعات یا امریکی ریڈار تنصیب کو نشانہ بنائے جانے کے ایرانی دعوے پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔