سالک حسین نے مریم نواز کے ہرجانے کے قانونی نوٹس کا جواب بھجوا دیا
5 ارب روپے کے ہرجانے کے نوٹس پر قانونی کارروائی کا معاملہ مزید آگے بڑھ گیا
چوہدری سالک نے مریم نوازکو ہتکِ عزت کے نوٹس کا جواب بھیج دیا
لاہور: پنجاب میں مبینہ کرپشن کے الزامات کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقیِ انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھجوائے گئے 5 ارب روپے کے ہرجانے کے قانونی نوٹس کا تحریری جواب ارسال کر دیا ہے۔
جواب ارسال کیے جانے کی تصدیق ذرائع نے کی ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ چوہدری سالک حسین نے اپنے جواب میں کیا مؤقف اختیار کیا ہے اور کن قانونی نکات کو بنیاد بنایا ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری سالک حسین نے 6 نومبر کو قانونی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کا جواب دیں گے، بعد ازاں11نومبر کو انہوں نے بتایا تھا کہ قانونی نوٹس کا جواب تیار کر لیا گیا ہے اور اسے چند روز میں سامنے لایا جائے گا۔
اب ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر کی جانب سے جواب ارسال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مریم نواز کی جانب سے بھجوائے گئے 5 ارب روپے کے ہرجانے کے نوٹس پر قانونی کارروائی کا معاملہ مزید آگے بڑھ گیا ہے۔
تاہم چوہدری سالک حسین کے تحریری جواب کا متن، ان کی جانب سے اپنایا گیا دفاع اور آئندہ قانونی لائحہ عمل تاحال منظر عام پر نہیں آیا، اس حوالے سے دونوں جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔