امریکا کی ایران کے جزیرے قشم پر پھر بمباری ، فضائی دفاعی نظام نشانہ
امریکی حملے کے نتیجے میں رہائشی، تجارتی یا بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ، ایرانی حکام
فوٹو ایرانی میڈیا
تہران: ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے جنوبی جزیرے قشم پر دوبارہ بمباری کی ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے جزیرہ قشم میں ایرانی فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا، جزیرہ قشم آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے، جو عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق جزیرہ قشم پر امریکہ کی جانب سے کم از کم چھ حملے کیے گئے۔ ایرانی ذرائع نے ان حملوں کو امریکی فوجی کارروائی قرار دیا ہے
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہرمزگان کے نائب گورنر برائے سیاسی، سیکیورٹی و سماجی امور نے کہا ہے کہ ’قشم کے علاقے میں امریکی حملے کے نتیجے میں رہائشی، تجارتی یا بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی یونٹس نے جزیرہ قشم کے علاقے میں ایک امریکی ایم کیو ون جاسوس ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔
ایرانی بیان کے مطابق ڈرون کو مقامی وقت کے مطابق منگل کی دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ جزیرہ قشم ایران کے صوبے ہرمزگان میں واقع ہے اور آبنائے ہرمز کے قریب ہونے کے باعث اس کی تزویراتی اور دفاعی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔