مسلم لیگ ن کا نئے صوبوں اور سیاسی اتفاق رائے کے لیے رابطہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

اہم پیش رفت، تمام پارلیمانی جماعتوں سے رابطے ہوں گے، قومی سطح پر ریفرنڈم کا امکان ہے۔

November 20, 2026 · قومی
مسلم لیگ ن کا نئے صوبوں اور سیاسی اتفاق رائے کے لیے رابطہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کا نئے صوبوں اور سیاسی اتفاق رائے کے لیے رابطہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال، زیر بحث انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تمام پارلیمانی جماعتوں سے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ایک رابطہ کار سیاسی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اہم کمیٹی میں جماعت کے سینیئر رہنما شامل ہوں گے جو پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں سے رابطے کر کے مشترکہ حکمت عملی وضع کریں گے۔

لیگی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت اس وقت ملک کی سیاسی صورتحال، نئے انتظامی یونٹس، صوبوں کے قیام اور آئندہ مجوزہ آئینی ترمیم کے معاملات پر گہرائی سے غور کر رہی ہے۔ اس پورے عمل میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر آئینی و قانونی امور کے ساتھ ساتھ ممکنہ عوامی ریفرنڈم کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان امور پر وفاقی حکومت ایک قومی سیاسی کانفرنس کا انعقاد بھی کر سکتی ہے تاکہ تمام فریقین سے مشاورت کے بعد حتمی لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

نئے صوبوں کے مجوزہ قیام کے حوالے سے سامنے آنے والے ابتدائی خاکے کے مطابق اس معاملے پر بہت جلد قومی سطح پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے، جب کہ عوامی حمایت کا اندازہ لگانے کے لیے چاروں صوبوں میں ووٹوں کی گنتی الگ الگ کی جائے گی۔ “یہ ایک مقبولِ عام مطالبہ ہے۔” باوثوق ذرائع نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ نئے صوبے کسی بھی صورت لسانی یا نسلی بنیادوں پر نہیں بلکہ مکمل طور پر انتظامی بنیادوں پر تشکیل دیے جائیں گے۔ “ہم یہاں محض انتظامی یونٹس کی بات نہیں کر رہے۔ مجوزہ ماڈل میں مکمل انتظامی صوبے تصور کئے گئے ہیں، جن میں سے ہر ایک کی اپنی صوبائی اسمبلی، وزیراعلیٰ اور کابینہ ہوگی۔”

مجوزہ انتظام کے تحت ریفرنڈم میں ہر صوبے کے الگ الگ نتائج مرتب ہوں گے اور فیصلہ اکثریتی رائے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ “ہم سمجھتے ہیں کہ آئین میں آرٹیکل 239(4) موجود ہے، جس کے تحت متعلقہ صوبائی اسمبلی سے کم از کم دو تہائی اکثریت کے ساتھ قرارداد کی منظوری لازم ہے۔ لیکن جب عوام کی مرضی واضح ہو تو منتخب نمائندوں کے لیے اسے نظر انداز کرنا آسان نہیں ہوتا۔” اس عمل کے دوران آئین کے آرٹیکل 48(6) کا حوالہ دیا جا رہا ہے جو قومی اہمیت کے کسی بھی معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی اجازت دیتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے یہ سوال بھی اہم ہے کہ اگر کسی مخصوص صوبے کے ووٹرز بھاری اکثریت سے حمایت کرتے ہیں تو کیا پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں اس کے مطابق عمل کرنے کی پابند ہوں گی؟ “ایک بار جب عوام ریفرنڈم کے ذریعے اپنی ترجیح کا اظہار کر دیں، تو اس مینڈیٹ کو مسترد کرنے سے سنگین سیاسی اور آئینی سوالات جنم لیں گے۔ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں ووٹ دیتے ہیں لیکن منتخب نمائندے اس کے برعکس مؤقف اختیار کرتے ہیں، تو پیدا ہونے والے آئینی تنازعے کے لئے قانونی تشریح درکار ہوگی۔”

ذرائع کے مطابق فی الحال ملک میں 12 یا 14 صوبے بننے سے متعلق قیاس آرائیاں قبل از وقت ہیں کیونکہ پہلا قدم صرف عوام کی خواہشات اور رائے معلوم کرنا ہے۔ “عوامی ردعمل ہی بالآخر یہ طے کرنے میں مدد دے گا کہ کتنے صوبے بنائے جانے چاہئیں۔” اس حوالے سے یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ریفرنڈم سے صوبائی یا ملکی سطح پر کسی قسم کے تصادم یا سیاسی تناؤ کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ “حکومت اس معاملے پر ساتھ ہے۔ وزرائے دفاع اور اطلاعات کے بیانات حکومت کے مؤقف کو بالکل واضح کرتے ہیں۔”

جب یہ پوچھا گیا کہ آیا مستقبل میں کراچی اور گوادر کو وفاقی علاقہ بنایا جا سکتا ہے تو ذرائع کا کہنا تھا کہ “پہلا مرحلہ ریفرنڈم ہے۔ اگر مستقبل میں کسی وقت عوام کی مرضی یہ ہوئی کہ کراچی اور گوادر کو وفاقی علاقے کا حصہ بننا چاہیے، تو کیوں نہیں؟” الیکشن کمیشن آف پاکستان اس پورے عمل کی نگرانی کرے گا، اور امن و امان کے مسائل اس عمل میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ “یہ محض ایک قیاس آرائی ہے کہ نئے صوبوں پر ریفرنڈم سے سندھ میں خونریزی ہو سکتی ہے۔ ایسے خدشات بے بنیاد ہیں، کسی ایسی صورتحال کے کوئی آثار نہیں جو قابو سے باہر ہو سکے۔” حکومتی جماعت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے اور وسیع تر قومی مفاد میں معیشت کی مضبوطی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی خواہاں ہے۔