الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس میں عطا اللہ تارڑ کا فیصلہ محفوظ کر لیا
اہم سماعت، وفاقی وزیر نے غیر مشروط معذرت کر لی، دورہ ذاتی دعوت پر تھا
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس میں عطا اللہ تارڑ کا فیصلہ محفوظ کر لیا
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے خلاف حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات اپنے وکیل سجیل سواتی کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
دستاویزات اور سماعت کے دوران پیش کیے گئے مؤقف کے مطابق وکیل سجیل سواتی نے کمیشن کو بتایا کہ وفاقی وزیر کا دورہ گوجرانوالہ کسی بھی انتخابی مہم یا سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں تھا بلکہ وہ ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری کی ذاتی دعوت پر وہاں گئے تھے اور اس دعوت کی تفصیلات ریکارڈ پر موجود ہیں۔ وکیل نے مزید کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کا انتہائی احترام کرتے ہیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کوئی ارادہ نہیں تھا، اس لیے کمیشن کے سامنے غیر مشروط معذرت پیش کرتے ہیں۔
کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار کے عہدیدار کی یہ دعوت الیکشن شیڈول جاری ہونے سے پہلے موصول ہوئی تھی اور اس دوران وہاں کوئی امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔
ملکی سیاسی صورتحال اور نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس معاملے پر پورے ملک میں مباحثہ ہونا چاہیے اور عوام کی رائے طلب کی جانی چاہئے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی آراء کی روشنی میں ہی فیصلے کیے جانے چاہئیں اور قومی اہمیت کے حامل کسی بھی معاملے پر آئین میں موجود شق کے تحت ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں ہونا چاہیے۔ عطا اللہ تارڑ نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز صدر مملکت سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اہم امور پر باہمی فہم و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔