آسٹریلیا میں خاتون اپنے بوڑھے والدین کو انسولین سے قتل کرنے کی مجرمہ قرار
66سالہ ریلین پولیمیاڈس کو دو مرتبہ عمر قید کی سزا ہوگی
تصویر: سوشل میڈیا
ایک طویل فوجداری مقدمے کے بعد آسٹریلوی عدالت کی جیوری نے ذیابیطس کی مریضہ کو اپنے دونوں معمر والدین کو انسولین دے کر قتل کرنے کا مجرم قرار دے دیا ۔
ساؤتھ آسٹریلین سپریم کورٹ میں چار ماہ تک جاری رہنے والے ٹرائل کے بعد جیوری کی جانب سے متفقہ فیصلہ سنائے جانے پر 66 سالہ ریلین پولیمیاڈس کو دو مرتبہ لازمی عمر قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ملزمہ کی ضمانت منسوخ کر دی گئی اور سزا سنائے جانے تک انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
جیوری نے پایا کہ ٹائپ 1 ذیابیطس کی شکار پولیمیاڈس نے بالترتیب مارچ 2022 اور اپریل 2023 کے الگ الگ واقعات میں برینڈا اور لنٹن اینڈرسن کو انسولین کی مہلک مقدار کے انجیکشن لگائے تھے۔
وفات کے وقت دونوں کی عمر 94 سال تھی۔ دونوں کی صحت گر رہی تھی اور وہ اولڈ ایج ہوم (معمر افراد کی دیکھ بھال کے مرکز) منتقل کیے جانے کے سخت مخالف تھے۔ استغاثہ کی جانب سے قتل کا ایک ممکنہ محرک یہ غلط سوچ بتائی گئی کہ والدین کو قتل کرنے سے وہ نرسنگ ہوم جانے سے بچ جائیں گے۔
فروری 2022 میں گرنے سے برینڈا کو ریڑھ کی ہڈی کے فریکچر کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں نمونیا اور دوبارہ گرنے کی وجہ سے ان کی حالت مزید پیچیدہ ہو گئی۔ وہ روبہ صحت ہو رہی تھیں اور انہیں ہسپتال سے فارغ کرنے کا منصوبہ بھی بن چکا تھا، لیکن 12 مارچ کو پولیمیاڈس کی اپنی والدہ سے ملاقات کے بعد نرسنگ سٹاف نے برینڈا کو بڑی حد تک بے ہوش پایا۔ استغاثہ نے الزام لگایا کہ پولیمیاڈس نے اپنی والدہ کو دو مواقع پر انسولین دی۔ایک بار 12 مارچ کو اور پھر 13 سے 15 مارچ کے درمیان۔
اپنی اہلیہ کی وفات کے بعد لنٹن گھر پر ہی مقیم رہے، لیکن وہ مزید کمزور ہو گئے جس کے بعد ان کے چاروں بچوں نے باری باری رات کے وقت ان کے پاس رہنا شروع کر دیا۔ 30 اپریل 2023 کو پولیمیاڈس ویک اینڈ اپنے والد کے ساتھ گزارنے کے بعد گھر سے روانہ ہوئیں۔ دو گھنٹے بعد، ایک کیئر ٹیکر نے لنٹن کو بے ہوشی کی حالت میں پایا۔ وہ یکم مئی کو انسولین کے زہریلے اثرات کے باعث انتقال کر گئے۔
پولیمیاڈس کے سابق بوائے فرینڈ ایان ایڈورڈ ولکورٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ نے ان سے کہا تھا کہ انسولین قتل کا بہترین ہتھیار ہے کیونکہ یہ جسم میں قدرتی طور پر پائی جاتی ہے اور اس کا سراغ نہیں لگایا جا سکتا۔
دیگر اہم شواہد میں پولیس کا ایک خفیہ آلہ بھی شامل تھا جس نے پولیمیاڈس کو اپنی کار میں اکیلے بیٹھے ہوئے مبینہ طور پر خدا کے سامنے اپنے والدین کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ریکارڈ کیا تھا۔ پولیس نے پولیمیاڈس کے ہاتھ کے لکھے ہوئے نوٹس بھی قبضے میں لیے، جن میں سے ایک پر لکھا تھا:وہ جو کریں گے وہ یہ ہے کہ چند ہفتوں، مہینوں یا سال تک انتظار کریں گے تاکہ دیکھ سکیں کہ آیا میں یہ سمجھتی ہوں کہ میں بچ نکلی ہوں اور میں حد سے زیادہ پراعتماد ہو کر کوئی غلطی کر بیٹھوں۔ حوصلہ رکھو
دوست، یہ ایک لمبا سفر ہو سکتا ہے، ورنہ ملزم کو اب تک گرفتار کر لیا جاتا۔
پولیمیاڈس کو آئندہ کی کارروائی (ڈائریکشنز ہیئرنگ) کے لیے 16 دسمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔