اسلام آباد پولیس کی ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کے لیے 20 نئی گاڑیاں فراہم
آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ، وزیر داخلہ نے چابیاں سونپیں، فورس فرسٹ ریسپونڈر ہوگی۔
اسلام آباد پولیس کی ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کے لیے 20 نئی گاڑیاں فراہم
اسلام آباد پولیس کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (ایس ڈبلیو اے ٹی) فورس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے 20 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعے کی صبح اسلام آباد پولیس کی ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کے حوالے یہ نئی گاڑیاں کیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق نئی گاڑیوں کی فراہمی کا مقصد فورس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کو مزید موثر بنانا ہے۔ تقریب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل کو گاڑیوں کی علامتی چابی پیش کی۔ وزیر داخلہ نے فراہم کردہ گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس دوران ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کے افسران و جوانوں سے ملاقات بھی کی۔
وزارت داخلہ سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نئی گاڑیوں کی فراہمی سے ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، اور یہ فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فرسٹ ریسپونڈر کے طور پر فوری اور موثر کارروائی کرے گی۔