حافظ آباد: سابق وزیر لیاقت بھٹی کے قتل میں ملوث 3 سکیورٹی گارڈز گرفتار

اہم پیش رفت، خیبر پختونخوا کے علاقہ مالاکنڈ سے گرفتاری، اسلحہ اور گاڑیاں برآمد، تفتیش جاری

November 21, 2026 · قومی
حافظ آباد: سابق وزیر لیاقت بھٹی کے قتل میں ملوث 3 سکیورٹی گارڈز گرفتار

حافظ آباد: سابق وزیر لیاقت بھٹی کے قتل میں ملوث 3 سکیورٹی گارڈز گرفتار

پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے معاملے میں پولیس نے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے علاقہ مالاکنڈ میں کارروائی کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے افراد میں مقتول کا سابق سکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے جو واردات کے بعد سے فرار تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی 3 گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

تھانہ سٹی حافظ آباد میں درج مقدمے کے مدعی پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری ضمیر الحسن بھٹی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق لیاقت عباس بھٹی کے قتل میں چار ملازمین شامل تھے جن میں سے دو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈیڑھ سال سے بطور سکیورٹی گارڈ ملازمت کر رہے تھے۔ ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ واردات پیٹرول پمپ سے ملحقہ رہائش گاہ پر پیش آئی جہاں ملزمان نے مبینہ طور پر نقدی اور زیورات لوٹنے کی نیت سے یہ قدم اٹھایا۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا کہ ان کے چچا مقتول لیاقت عباس بھٹی 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب دیگر دو افراد کے ساتھ عباس پیٹرول فلنگ اسٹیشن حافظ آباد پر موجود تھے جب ملزمان اسلحہ سمیت اندر گھس گئے۔ لیاقت عباس بھٹی نے جب مزاحمت کی تو ایک گن مین نے ان کو بیڈ پر گرا دیا اور دوسرے نے ان کے بازو پکڑ لیے، دو ملزمان نے ٹانگوں سے پکڑ لیا جس کے بعد ایک ملزم نے گلہ دبا کر قتل کر دیا اور گھر سے سامان لوٹ کر لے گئے۔

مقدمے کے اندراج کے بعد ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے تصدیق کی تھی کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ واضح ہو گیا ہے کہ لیاقت بھٹی کو رسی سے پھندا دے کر قتل کیا گیا، جبکہ ان کے گلے پر رسی کا واضح نشان اور منہ سے خون نکلنے کے نشانات بھی پائے گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اس گھنائونے جرم کے تمام محرکات کو بے نقاب کیا جا سکے اور قانونی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔