رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمٰن کھیتران کے خلاف 3 افراد کے قتل کا مقدمہ درج
گرفتار ملزم کی نشاندہی پر حاجی کوٹ میں دفن تین لاشیں برآمد، باقیات کوئٹہ منتقل
رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمٰن کھیتران کے خلاف 3 افراد کے قتل کا مقدمہ درج
بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے حاجی کوٹ سے 3 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے میں رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بارکھان تھانے میں پیارا خان نامی شخص کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کی بنیاد پر پولیس نے قتل کے شبہے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر بارکھان کے علاقے حاجی کوٹ میں دفن کی گئی تین لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔
برآمد ہونے والی لاشوں میں سے ایک سابق صوبائی وزیر کی رہائش گاہ سے متصل علاقے سے ملی ہے۔
پولیس نے لاشوں کی باقیات کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا ہے۔