آصف زرداری نے نیوکلیئربم غیرملکی قوتوں کو حوالے کروانے کی پیشکش کی ہے،پیرپگارا

عمر کوٹ:گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس جی ڈی اے کے سربراہ پیرپگارا نے انکشاف کیا ہے کہ آصف زرداری نے غیرملکی قوتوں کو دوسری باراقتداردلانے کی صورت میں نیوکلیئربم ان کے حوالے کروانے کی پیشکش کی ہے جبکہ مخدوم امین فہیم پیپلزپارٹی سے الگ ہونا چاہتے تھے لیکن وقت نے انہیں مہلت نہ دی اوروہ انتقال کرگئے۔

عمرکوٹ میں جی ڈی اے اورپی ٹی آئی کے تحت انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ مخدوم امین فہیم اپنی زندگی کے آخری دن نہایت کرب سے گزاررہے تھے اورپی پی سے علیحدہ ہونا چاہتے تھے لیکن وہ انتقال کرگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اپنے والد حاکم علی زرداری کو ماضی میں پیپلزپارٹی سے نکالے جانے کا بدلہ پیپلزپارٹی سے لے رہے ہیں۔ زرداری کچھ دنوں پہلے اعلان کررہے تھے کہ آئندہ ہماری حکومت ہوگی، دراصل وہ لابنگ کمپنیوں پراربوں روپے خرچ کررہے تھے کہ کسی بھی طریقے سے مجھے دوسرا چانس دلاؤ۔

انھوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سوچیں کہ میاں صاحب جیسے بڑے لیڈر کے ساتھ عدالت نے کرپشن کے معاملے پرجو کیا ہے تو زرداری کے ساتھ کیا ہوگا۔

جلسے سے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اورعمرکوٹ سے قومی اسمبلی کے امیدوارشاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی ایمان ہے کہ ﷲ کے بعد طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ آج حرجماعت اورغوثیہ جماعت میں جو محبت ہے وہ تبدیلی ہے اور یہ تبدیلی سندھ میں کایا پلٹ سکتی ہے۔ پیپلزپارٹی بتائے اس نے 10 سال میں عمرکوٹ کے عوام کے لئے کیا کیا؟ دوہزاراٹھارہ میں سندھ اورپاکستان کے عوام سیاست کو نیا رخ دے سکتے ہیں۔

جلسے سے فنکشنل لیگ سندھ کے صدر پیرصدرالدین شاہ راشدی، سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم ، تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم این اے لعل مالہی، پیرمجدد جان سرہندی، جیلانی جماعت کے پیرتاج حسین شاہ جیلانی، ڈاکٹردوست محمد میمن اورجادم منگریو نے بھی خطاب کیا۔