حافظ آباد: جھولے کے حادثے میں 15 سالہ لڑکی جاں بحق

 

حافظ آباد: عیدالاضحی کے دوسرے روز پارک میں پیش آنے والے جھولے کے حادثے میں 15 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی ۔پولیس کے مطابق مقتولہ ایمان فاطمہ اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ پارک آئی تھی، وہ جھولے پر بیٹھ ہی رہی تھی کہ جھولا چل پڑا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

حادثے کے بعد پارک انتظامیہ فرار ہو گئی، پولیس نے ضروری کارروائی کے لیے لاش اسپتال منتقل کر دی اور مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔اس سے قبل کراچی میں بھی جھولے کے ایک حادثے میں 12 سالہ لڑکی کشف ہلاک ہو گئی تھی، حادثے کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جھولا ایک ہفتہ قبل ہی عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔ایسے ہر حادثے کے بعد حکومت کی جانب سے روایتی بیانات سامنے آتے ہیں لیکن کوئی ایسا میکنزم بنانے پر توجہ نہیں دی جاتی جس کے ذریعے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام میں مدد مل سکے۔