ٹرمپ کی جانب سے بھارت کو حاصل تجارتی استثنیٰ ختم کرنے پر تناؤ کے شکار بھارت نے جواباً 28 امریکی مصنوعات پراضافی ٹیکس عائد کردیے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے امریکا کے بادام، اخروٹ اور سیب سمیت 28 درآمدی اشیا پر ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس کی شرح پراضافہ کردیا، بھارت کیلی فورنیا کے بادام اور واشنگٹن کے سیبوں کی دنیا بھر میں دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔
بھارتی وزارت خزانہ کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں امریکا سے درآمد ہونے والی 28 اشیا پر ڈیوٹی ٹیکس میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے جو فوری طور پرنافذ العمل ہوگا،پہلی فہرست میں 29 اشیا تھیں تاہم بعد میں کیکڑے کی ایک قسم کو اس فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔
بھارت نے 28 امریکی مصنوعات پراضافی محصولات صدر ٹرمپ کی جانب سے بھارت کو حاصل خصوصی تجارتی مراعات کی حیثیت ختم کرنے کے ردعمل میں کیے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ یکم جون کو امریکا نے بھارت کو حاصل خصوصی تجارتی حیثیت کو ختم کردیا تھا جس پر بھارت نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس بھی اسی تناظر میں عائد کیا گیا ہے۔