افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک شادی کی تقریب میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 63 افراد ہلاک اور180 سے زائد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل میں شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 63 افراد ہلاک اور180 سے زائد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً اسپتال منتقل کیا جہاں ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
افغان حکام کے مطابق خود کش دھماکے کے وقت شادی ہال لوگوں سے بھرا ہوا تھا،اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریب میں تقریباً 1000 افراد شریک تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے جگہ کو گھیرے میں لے کرتحقیقات شروع کردی ہیں اورشواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔افغان حکام کے مطابق طالبان کی جانب سے خودکش حملے کی مذمت کی گئی ہے جب کہ ابھی تک کسی دوسرے گروپ کی جانب سے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔
ترجمان دفترخارجہ نے کابل میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل بم حملے کے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں،جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں،پاکستان دہشت گردی کی ہرشکل کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردی پورے خطے کے لیے مشترکہ خطرہ ہے اوردہشت گردی کو مل کر شکست دینے کی ضرورت ہے۔