بھارت میں مشتعل ہجوم نے گائے کو ذبح کرنے کے الزام پر بہیمانہ تشدد کرکے ایک شخص کو بیدردی سے قتل اور 2 کو زخمی کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھاڑ کھنڈ میں گائے ماتا کی حفاظت کے نام پرجنونی ہندوؤں کے مشتعل ہجوم نے تین افراد کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس نے مشتعل ہجوم کو منتشر کرکے 5 افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ تینوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی دوران علاج دم توڑ دیا۔ زیر حراست افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ جھاڑ کھنڈ میں صرف ایک سال کے دوران یہ پانچواں واقعہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارتی سپریم کورٹ نے مشتعل ہجوم کے ہاتھوں معصوم لوگوں کے بہیمانہ قتل پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت کو قانون سازی کا حکم دیا تھا تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جا سکے تاہم مودی سرکار نے اس پر کان نہیں دھرا۔