افغان فوج کی فائرنگ سے پولیس کمانڈر احمد شاہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔فائل فوٹو
افغان فوج کی فائرنگ سے پولیس کمانڈر احمد شاہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔فائل فوٹو

 افغان فوج نے پولیس کمانڈرکو دہشت گرد سمجھ کرگولیوں سے بھون دیا

افغان فوج نے چیک پوسٹ پر نہ رکنے والے پولیس کمانڈر کو دہشت گرد سمجھ کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر پولیس کمانڈر ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان پولیس کے آپریشنل یونٹ کےکمانڈراحمد شاہ اپنی گاڑی میں ہرات سے کہیں جا رہے تھے کہ معمول سے ہٹ کر بنائی گئی ایک چیک پوسٹ پر فوج نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پرانہوں نے گاڑی نہیں روکی جس کے بعد دہشت گرد سمجھ کر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

افغان فوج کی فائرنگ سے پولیس کمانڈر احمد شاہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس کمانڈر احمد شاہ کی ٹیم مغربی حصے میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے لیے تشکیل دی گئی تھی جس نے کئی کامیاب کارروائیاں بھی کی تھیں۔

افغان فوج کے ترجمان نے پولیس کمانڈر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ احمد شاہ کی گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا گیا تھا لیکن وہ چیک پوسٹ پرنہیں رکے جس پراہلکاروں کو فائرنگ کرنا پڑی۔

افغان وزارت دفاع اور داخلہ نے اس واقعے پرکسی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریزکیا ہے اور تاحال واقعے کی تحقیقات کا اعلان بھی نہیں کیا گیا ہے۔