سعودی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد موجودہ حالات کے پیش نظرعمرہ اور زیارت ابھی معطل رہیں گے تاہم اس پرنظر ثانی ہوتی رہے گی۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت حج نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین غور کر رہے ہیں اور صورتحال جیسے ہی بہتر ہوگی تو اسی حوالے سے کوئی بہتر فیصلہ کیا جاسکے گا جب کہ ملک میں معطل ہونے والی معمولات زندگی اب آہستہ آہستہ بحال ہورہی ہے تاہم حج وعمرہ کی بحالی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 21 جون کو مکہ مکرمہ کی مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی جس کے بعد احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے باجماعت نماز ادا کی جائے گی البتہ حرم مکی شریف میں موجودہ ضوابط کے تحت نماز ادا کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے سعودی وزارت داخلہ نے دیگر شہروں کی طرح مکہ مکرمہ میں بھی کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز31 مئی سے ہوگا۔