ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش سے متاثر ہونے پر وقت سے پہلے ہی ختم کردیا گیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے، ٹیسٹ کے دوسرے روز بارش اور پچ گیلی ہونے کے باعث میچ کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہوا تاہم ابھی صرف 6.2 اوورز کا کھیل ہوا تھا کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روک دیا گیا، کافی دیر انتظار کے بعد بارش نہ رکنے کی صورت میں امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 188 رنز بنالیے جب کہ اس وقت وکٹ پر اظہرعلی اور بابر اعظم موجود ہیں، دونوں کے درمیان 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہے۔
ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39 اور25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔