بیجنگ:چین کی وزارت خارجہ نے کراچی یونیورسٹی میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بیان جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے کراچی دھماکے میں ہلاک افراد کے لواحقین سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ چین اس بڑے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت اورغم وغصے کا اظہارکرتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کراچی دھماکے میں ہلاک چینی باشندوں کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہیے، کراچی میں چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کواس کی قیمت ادا کرنا ہو گی۔
پاکستان میں چینی سفارخانے کی جانب سے بھی کراچی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہونے کو یقینی بنائے۔