گال:سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 378 رنزکے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی،کھیل کے اختتام تک 7 بلے باز صرف 191 کے مجموعی اسکورپر پویلین لوٹ گئے،سری لنکا کو اب بھی 187رنزکی برتری حاصل ہے۔
گال میں کھیلے جانے والی سیریزکے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا نے 315 رنز اور چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر بیٹنگ دوبارہ شروع کی اور378 کے مجموعی رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستانی اوپنرزنے عبداللہ شفیق اور امام الحق عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ صرف ایک رنز کے مجموعی اسکور پرعبداللہ شفیق کوئی رن بنائے بغیرآوٹ ہوگئے۔
ون ڈاؤن آنے والے کپتان بابر اعظم 35 کے مجموعی اسکورپرصرف 16 رنز بنا کر ڈریسنگ روم لوٹ آئے۔ کپتان کے آؤٹ ہوتے ہی 65 کے مجموعی اسکور پر امام الحق بھی 32 رنز بناکر وکٹ دے بیٹھے۔
مجموعی اسکور میں صرف 23 رنز اضافے کے بعد چوتھے کھلاڑی محمد رضوان وکٹ گنوا بیٹھے۔ انھوں نے 24 رنز بنائے۔
فواد عالم بھی 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ مجموعی اسکورصرف 119 تھا۔ کچھ ہی دیر بعد محمد نواز 14 رنز بناکر 145 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی سلمان آگا تھے جنہوں نے62رنز بنائے۔سری لنکا کواب بھی 187رنزکی برتری حاصل ہے اور پاکستان کی ابھی تین وکٹیں باقی ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 3 ، پربتھ جے وسوریہنے 2 جب کہ اسیتھا فرنانڈو اور دہانن جیا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ لی۔
قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، ان فٹ شاہین شاہ کی جگہ نعمان علی پلیئنگ الیون میں شامل ہوئے، مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کو اظہرعلی کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔