امریکی پائلٹ طبی امداد کے لیے کویت منتقل
آپریشن کے دوران بعض تکنیکی مشکلات بھی پیش آئیں، جن میں دو ٹرانسپورٹ طیاروں کا ناکارہ ہونا شامل ہے
واشنگٹن/تہران: امریکی پائلٹ کو ایران سے نکالنے کے بعد طبی امداد کے لیے کویت منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن کی مزید تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے ایک پیچیدہ اور طویل ریسکیو مشن کے ذریعے پائلٹ کو ایران سے بحفاظت نکالا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران بعض تکنیکی مشکلات بھی پیش آئیں، جن میں دو ٹرانسپورٹ طیاروں کا ناکارہ ہونا شامل ہے، جس کے باعث مشن میں تاخیر ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق ریسکیو کارروائی کے دوران اضافی طیارے ایرانی حدود میں داخل ہوئے تاکہ کمانڈوز کو نکالا جا سکے۔ واپسی سے قبل متاثرہ طیاروں کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے تباہ کر دیا گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ گرنے کے بعد پائلٹ ایک پہاڑی علاقے میں اترا اور کچھ وقت تک اس کی درست لوکیشن معلوم نہیں ہو سکی۔ اس دوران مبینہ طور پر مخالف فورسز کو گمراہ کرنے کے لیے متبادل حکمت عملی بھی اختیار کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس آپریشن میں بڑی تعداد میں اہلکار اور متعدد طیارے شامل تھے، جبکہ پائلٹ مسلسل اپنی پوزیشن تبدیل کرتا رہا۔ ایک مرحلے پر اسے بلند پہاڑی علاقے تک پہنچنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آپریشن کے دوران براہ راست تصادم سے گریز کیا گیا اور ریسکیو ٹیم نے مخصوص حکمت عملی کے تحت کارروائی مکمل کی۔