ایران،امریکا مذاکرات کی کوریج کے لیے بین الاقوامی میڈیا کی بڑی تعداد کی آمد متوقع

یہ اہم مذاکرات جمعہ، 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے، جن کی کوریج کے لیے دنیا بھر کے صحافی پاکستان کا رخ کریں گے۔

               
April 8, 2026 · بام دنیا

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد مجوزہ مذاکرات کے لیے پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں بین الاقوامی میڈیا کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اہم مذاکرات جمعہ، 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے، جن کی کوریج کے لیے دنیا بھر کے صحافی پاکستان کا رخ کریں گے۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے میڈیا نمائندگان نے پاکستان کے ویزوں کے لیے درخواستیں بھی جمع کرا دی ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپی ممالک سمیت دیگر خطوں سے بڑی تعداد میں صحافی اسلام آباد پہنچیں گے تاکہ اس اہم پیش رفت کو قریب سے کور کیا جا سکے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت سے بھی صحافیوں کی ایک بڑی تعداد پاکستان آنے کی خواہشمند ہے، جنہوں نے دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے ویزہ کے حصول کے لیے رابطہ کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ان مذاکرات کی عالمی اہمیت کے باعث پاکستان ایک بار پھر بین الاقوامی سفارتکاری کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جہاں اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پیش رفت متوقع ہے۔