ہمیں بیوقوف بنانے کی کوشش نہ کرنا ، امریکی نائب صدر کی ایران کو وارننگ

تعمری گفتگو کے خواہاں ہیں ، صدر ٹرمپ نے واضع ہدایات دی ہیں ، پاکستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

               
April 10, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد / واشنگٹن :  امریکی نائب صدر جے ڈی وینس (JD Vance) نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے سے قبل تہران کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے مذاکراتی عمل میں “چالاکی” دکھانے کی کوشش کی تو امریکی ٹیم کا رویہ سخت ہوگا۔

پاکستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر وینس نے واضح کیا کہ امریکہ ایران کے ساتھ نیک نیتی پر مبنی مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اس کا انحصار ایران کے رویے پر ہوگا۔

جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے “انتہائی واضح ہدایات” فراہم کر دی ہیں اور وہ تہران کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے نتائج کے بارے میں پرامید ہیں۔

 نائب صدر وینس نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ متوقع مذاکرات کو “مثبت” نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی انتظامیہ ان مذاکرات کے لیے پوری طرح تیار ہے اور صدر ٹرمپ کے وژن کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔

جے ڈی وینس کے مطابق صدر ٹرمپ نے مذاکراتی ٹیم کو دوٹوک گائیڈ لائنز دی ہیں تاکہ امریکی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

امریکی نائب صدر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والے ان اہم مذاکرات کی قیادت کریں گے۔

جے ڈی وینس نے تہران پر زور دیا کہ وہ نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آئے، ساتھ ہی انہوں نے خبردار بھی کیا کہ اگر ایران نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔