امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان روانہ ہو گئے
جے ڈی وینس کے ساتھ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی امریکی وفد میں شامل
فائل فوٹو
واشنگٹن:امریکی نائب صدر جے ڈی وینس جمعے کو ایران کے ساتھ ثالثی مذاکرات کی قیادت کے لیے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ۔
یہ مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں، جب ایک کمزور اور عارضی جنگ بندی ٹوٹنے کے دہانے پر دکھائی دے رہی ہے۔
جے ڈی وینس کے ساتھ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی امریکی وفد میں شامل ہیں، جنہوں نے ایران کے مذاکرات کاروں کے ساتھ بالواسطہ بات چیت کے تین ادوار میں حصہ لیا تھا۔
ان مذاکرات کا مقصد تہران کے جوہری اور بیلسٹک ہتھیاروں کے پروگرام اور مشرقِ وسطیٰ میں مسلح گروہوں کی حمایت سے متعلق امریکی خدشات کو دور کرنا تھا۔
وائٹ ہاؤس نے مذاکرات کے طریقہ کار کے بارے میں بہت کم تفصیلات فراہم کی ہیں کہ آیا یہ براہِ راست ہوں گے یا بالواسطہ اور نہ ہی اجلاس سے متعلق واضح توقعات بیان کی ہیں۔
تاہم، مذاکرات کے لیے وینس کی آمد امریکی حکومت اور ایرانی حکومت کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے کا ایک نادر موقع ہے۔
اس سے قبل جمعے کی صبح تک ان مذاکرات کے آغاز کے حوالے سے غیر یقینی کی فضا چھائی رہی، کیونکہ مذاکرات کاروں کی آمد سے متعلق تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر نازک جنگ بندی پر درست طریقے سے عمل نہ کرنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔