ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں،چینی وزارت خارجہ

بندرگاہوں کی ناکہ بندی خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دے گی اور پہلے سے موجود نازک جنگ بندی کو نقصان پہنچائے گی

               
April 14, 2026 · بام دنیا
ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں،چینی وزارت خارجہ

ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں،چینی وزارت خارجہ

چین نے ایرانی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی کو خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات ناکام ہونے کے ایک روز بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ بندرگاہوں کی ناکہ بندی خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دے گی اور پہلے سے موجود نازک جنگ بندی کو نقصان پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ “یہ ایک خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔”

ترجمان کے مطابق ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام کی فراہمی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر چین نے ایران کو کسی بھی قسم کی فوجی معاونت فراہم کی تو اس پر اضافی ٹیکس یا ٹیرف عائد کیے جا سکتے ہیں، جو 50 فیصد تک ہو سکتے ہیں۔

اس پر چینی ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے اس معاملے کو اضافی تجارتی پابندیوں کے جواز کے طور پر استعمال کیا تو چین بھی سخت اور ٹھوس جوابی اقدامات کرے گا۔

سفارتی ماہرین کے مطابق چین، جو ایران سے بڑی مقدار میں تیل درآمد کرتا ہے، خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی منڈی میں استحکام برقرار رکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔