صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ محدود نہیں مکمل اور مؤثر ڈیل چاہتے ہیں۔ ڈی جے وینس

ایک رات میں اعتماد بحال نہیں ہوسکتا۔امریکہ ایران تعلقات کشیدہ ہیں۔ نائب امریکی صدر

               
April 15, 2026 · بام دنیا
ایران مذاکرات کا اگلا مرحلہ تہران کے فیصلے سے مشروط ہے،جے ڈی وینس

ایران مذاکرات کا اگلا مرحلہ تہران کے فیصلے سے مشروط ہے،جے ڈی وینس

امریکہ کے نائب صدر  جے ڈی وینس  نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں پیشرفت ضرور ہوئی ہے مگر دہائیوں پر محیط عدم اعتماد کے باعث فوری جامع معاہدہ ممکن نہیں، جبکہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ محدود نہیں بلکہ مکمل اور مؤثر ڈیل چاہتے ہیں۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے یونیورسٹی آف جارجیا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 49 برس بعد امریکہ اور ایران کے درمیان اس سطح کے مذاکرات ہو رہے ہیں، تاہم اتنے طویل عرصے کی بداعتمادی ایک رات میں ختم نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو بھی اندازہ ہے کہ امریکہ کی جانب سے مذاکرات نیک نیتی سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی عارضی یا محدود معاہدے کے حق میں نہیں بلکہ ایسی جامع ڈیل چاہتے ہیں جو دیرپا ہو، یہی وجہ ہے کہ اب تک حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔ جے ڈی وینس کے مطابق مذاکرات کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے اور خطے میں ریاستی سطح پر دہشت گردی کی حمایت ترک کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ ہو جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہو، اور ایرانی عوام کو بھی عالمی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران ایک نارمل ریاست کے طور پر سامنے آتا ہے تو امریکا بھی اس کے ساتھ معمول کے اقتصادی تعلقات استوار کرے گا۔